Monday, October 3, 2022

جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو ذمہ دار صرف نوازشریف ہوں گے : عمران خان

جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو ذمہ دار صرف نوازشریف ہوں گے : عمران خان
اسلام آباد (92نیوز) کپتان نے ریٹائرڈ ہرٹ سیاسی کھلاڑی کو بھی نہ بخشا۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے بستر پر لیٹے وزیر اعظم کو بھی باونسرز کرا دیے۔ انہوں نے کہا نوازشریف نے ذاتی بحران کو ملکی بحران بنا دیا۔ جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو ذمہ دار صرف نوازشریف ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق بنی گالہ میں نیشنل پریس کلب کے عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پرعمران خان خاصے جارحانہ موڈ میں نظر آئے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ ملک وزیر اعظم کے ساتھ لٹک گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ وزیر اعظم کی عدم موجودگی کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔ اوپن ہارٹ سرجری میں مریض 6 ہفتے اٹھ ہی نہیں سکتا۔ وزیر اعظم کو مستعفی ہو جانا چاہیے تھا لیکن انہوں نے اندرونی و بیرونی مسائل میں الجھے ملک کو بحران میں جھونک دیا۔ عمران خان نے کہا کہ ضیاءدور میں فوج دھاندلی جبکہ مشرف دور میں کرپشن کے باعث آئی۔ اب بھی فوج آئی تو یہی دو وجوہات ہوں گی اورذمہ دار صرف اور صرف وزیر اعظم ہوں گے۔ نوازشریف طوطا مینا کی کہانیوں کے بجائے قوم کو سچ بتائیں۔ عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں جھوٹ پر جھوٹ بولا، واک آﺅٹ سے افسوس ہوا لیکن یہ پہلے سے طے شدہ اور مشترکہ فیصلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان جمہوریت نہیں کرپشن بچا رہے ہیں‘ قوم حقائق جان چکی۔ پرویز رشید جیسے درباری اب پاناما معاملے پر قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔