جماعت کی بنیاد میں نے رکھی،نواز شریف کا نہیں،میرا اسکے خاندان پر قرض ہے، چودھری نثار
چکری ( 92 نیوز) مسلم لیگ ن کے ناراض رکن اور سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے چکری میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں شائد نواز شریف سے اپنی سیاسی لائن الگ کرنے والا ہوں ، جماعت کی ایک ایک اینٹ میں نے رکھی ، نواز شریف کا مجھ پر کوئی قرض نہیں ، میں نے نواز شریف کا بوجھ 34 سال تک اٹھایا میرا نواز شریف اور اس کے خاندان پر قرض ہے ۔
سابق وزیر داخلہ نے نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں بکاؤ مال نہیں ہوں نہ پہلے عوام کو کبھی شرمندہ کیا نہ اب کروں گا ، اب اگر کوئی کہتا ہے آپ چپ کر کے بیٹھ جائیں، علیحدہ ہو جائیں تو اس کا جواب 25 جولائی کو عوام دینگے ۔
چودھری نثار نے کہا کہ ہم نے پارٹی کی بنیاد 1993 میں رکھی ، نواز شریف ہم سے بڑے نہیں تھے ، ہم سے سیاسی زہن زیادہ نہیں رکھتے تھے ، ہم چودہ پندراں دوستوں نے فیصلہ کیا کہ صرف ایک ہی بندہ آگے ہو سکتا ہے اور فیصلہ ہوا کہ وہ بندہ نواز شریف ہو ، میں نے سر اٹھا کر سیاست کی ہے ، کبھی خوش آمد اور چاپلوسی نہیں کی نہ کسی کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑا نہیں ہوا اور نہ ہی اقتدار ملنے پر میں نے کوئی اپنی انڈسٹری لگائی ۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نوازشریف اور انکی بیٹی مریم نوازکا کردار میڈیا کے توسط سے پوری قوم کے سامنے لانا چاہتا ہوں ، میرا ارادہ تھا کہ ن لیگ کے حوالے سے 34سالہ تعلق اور واسطے بارے کھلی باتیں کروں لیکن بیگم کلثوم نواز کی ناساز طبیعت کے باعث یہ موقع مناسب نہیں ۔
چودھری نثار کے جلسے میں کارکنوں کی جانب سے گو نواز گو کے نعرے لگائے گئے ، چودھری نثار نے نعروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ، گو نواز گو تو ہو چکا ، ابھی اس کا وقت نہیں آیا، ابھی صبر کرو۔