Saturday, July 27, 2024

جسٹس عظمت سعید کی عدم دستیابی پر پاناما کیس کی سماعت ملتوی

جسٹس عظمت سعید کی عدم دستیابی پر پاناما کیس کی سماعت ملتوی
February 1, 2017

اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید کو دل کی تکلیف پر ڈاکٹرز نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دے دیا۔ ان کی عدم دستیابی کی وجہ سے سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔ جسٹس آصف کھوسہ نے ریمارکس دیے کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی دستیابی پر ہی ہوگی۔

انہوں نے کہا  ڈاکٹرز نے جسٹس عظمت سعید کو تین سے 4دن تک نگہداشت میں رکھنے کا کہا ہے۔ وہ روبصحت ہیں، انہیں کسی سرجری کی ضرورت نہیں۔ ان کی شریان میں رکاوٹ تھی جسے دور کر دیا گیا ہے۔ پیر کو بھی سماعت جسٹس عظمت سعید کی دستیابی سے مشروط ہوگی۔

دوسری جانب تحریک ا نصاف کے رہنما فواد چوہدری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نیا بنچ نہیں بننا چاہئے۔ اسی بنچ پر اعتماد ہے۔ کیس لمبا نہیں رہ گیا۔ یہی بنچ فیصلہ سنائے۔

شیخ رشید نے کہا جسٹس عظمت سعید شیخ کی صحت یابی کے بعد جلد سماعت ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جسٹس عظمت سعید شیخ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ بیماری اللہ کی طرف سے آزمائش ہے۔ کرپشن کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ ایک وزیراعظم کی تلاشی لی جارہی ہے۔