Saturday, July 27, 2024

جسٹس شوکت صدیقی کے الزامات،چیف جسٹس پاکستان نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے جواب مانگ لیا

جسٹس شوکت صدیقی  کے الزامات،چیف جسٹس پاکستان نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے جواب مانگ لیا
July 23, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ انور کانسی سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے الزامات پر جواب طلب کر لیا ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو جسٹس شوکت صدیقی سے الزامات کے شواہد حاصل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ۔ ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق شوکت صدیقی نے عدلیہ پر الزام  لگایا  اور بدنام کیاجبکہ دیگر  قومی اداروں کو بھی نشانہ بنایا ، جس پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس انور کانسی سے جواب مانگ لیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے جسٹس انور کانسی کو الزامات پر جسٹس شوکت صدیقی سے شواہد اور مواد حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جسٹس شوکت صدیقی نے اپنے خطاب میں ملک کی عدلیہ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور قومی اداروں پر الزامات عائد کیے ہیں ۔  چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے جواب کیساتھ جسٹس شوکت صدیقی سے حاصل شواہد غور کے لیے چیف جسٹس ثاقب نثار کو بھیجیں، شواہد اور جواب کی رواشنی میں ضروری ہے تو الزامات پر مناسب کارروائی کی جائے گی ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پیمرا سے الزامات کا ٹرانسکرپٹ اور دیگر مواد حاصل کر لیا گیا ہے۔