جسٹس اعجازالاحسن کی رہائش گاہ پر فائرنگ کیخلاف پشاور کے وکلاء سراپا احتجاج
پشاور (92 نیوز) لاہور میں سپریم کورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے واقعات کے خلاف پشاور کے وکلاء سراپا احتجاج بن گئے۔ وکلاء نے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کرمقدمات کی پیروی کی۔ وکلاء نے عدلیہ کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
وکلاء نے کہا کہ وہ چیف جسٹس کی ہدایت پر ہڑتال نہیں کی لیکن قابل مذمت واقعہ پر وکلاء اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔ وکلاء نے اس عزم کا اظہارکیا کہ وہ عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وکلاء نے مطالبہ کیا کہ اعلٰی عدلیہ سمیت تمام ججز اور وکلاء کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ انصاف کی فراہمی کے یہ ادارے مکمل احساس تحفظ کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔