جذبات و احساسات کے اظہار کیلئے فیس بک نے نئے بٹن تیار کر لیے
نیویارک (ویب ڈیسک) عالمی رابطے کی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے کہا ہے کہ وہ کئی قسم کے نئے’ ’ایموٹیکان“ متعارف کروا رہا ہے اور اس سلسلے میں حتمی کام جاری ہے اور جلد ہی یہ صارفین کی دسترس میں ہونگے۔ یہ نئے ایموٹیکان صارفین کو خوشی، پیار، صدمہ، اداسی، غصہ اور ہنسی جیسے جذبات کا اظہار کرنے کیلئے استعمال کئے جا سکیں گے۔
ان نئے ایموٹیکانز تک رسائی کے لیے صارفین کو کرسر لائیک بٹن پر رکھنا پڑے گا جس کے بعد انہیں دیگر ایموٹیکان دکھائی دیں گے جنہیں وہ اپنی پوسٹ میں شامل کر سکیں گے۔ اس کے بعد صارفین کا فیس بک سٹیٹس انہیں بتائے گا کہ ان کی پوسٹ کے رد عمل میں انہیں لائیکس، پیار یا غصے جیسے جذبات ملیں گے۔
چند روز قبل فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ ایک دوسرے سے ہمدردی ظاہر کرنے کے قابل ہوں لیکن دیگر لوگوں کی پوسٹوں کی حوصلہ شکنی نہ کر سکیں۔ واضح رہے کہ یہ بٹن آزمائشی طور پر آئرلینڈ اور سپین میں نافذ کئے جائیں گے۔