Sunday, September 8, 2024

ججزنظربندی کیس:سابق صدرپرویز مشرف کے خلاف کیس کی سماعت پانچ جون تک ملتوی

ججزنظربندی کیس:سابق صدرپرویز مشرف کے خلاف کیس کی سماعت پانچ جون تک ملتوی
May 22, 2015
اسلام آباد(ویب ڈٰیسک)ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف  کے خلاف کیس کی سماعت پانچ جون تک ملتوی کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سہیل اکرام نے پرویز مشرف کیخلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت کی ۔ پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی ایڈووکیٹ نے پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ سیکورٹی خدشات ، ناساز طبیعت کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔ سابق صدر کو مکمل استثنیٰ دیا جائے اور مقدمے کے گواہان کو طلب کر کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں ۔ پبلک پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے کہا کہ ملزم پرویز مشرف کی غیر موجودگی میں گواہان کے بیان ریکارڈ نہیں کیے جا سکتے۔ عدالت نے پرویز مشرف کی صحت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے تین گواہان ایس آئی دلدار، ہیڈ کانسٹیبل محمد افضل اور کانسٹیبل حماد اللہ کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ کیس کی مزید سماعت پانچ جون تک ملتوی کر دی گئی۔