Tuesday, November 29, 2022

جاپان میں ایک شخص نے اینی میشن اسٹوڈیو میں آگ لگا دی، چوبیس افراد ہلاک

جاپان میں ایک شخص نے اینی میشن اسٹوڈیو میں آگ لگا دی، چوبیس افراد ہلاک
 ٹوکیو (92 نیوز) جاپان میں جنونی شخص نے اینی میشن اسٹوڈیو میں آگ لگا دی جس سے 24 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہو گئے۔ جاپان کے شہر کیوتو کی معروف اینی میشن کمپنی پر جنونی شخص  کے حملے نے متعدد معصوم جانیں نگل لیں۔ حکام کے مطابق اکتالیس سالہ شخص کمپنی کے اسٹوڈیو میں گھسا اور پٹرول چھڑکنے کے بعد آگ لگا دی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری تین منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دلخراش واقعے پر جاپانی وزیر اعظم شینزوایبے نے ٹویٹ کیا کہ بڑی تعداد میں ہونے والی ان ہلاکتوں کے دکھ کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔ انہیں سانحے میں ہلاک افراد کے لواحقین سے ہمدردی ہے جبکہ وہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ کیوتو اینی میشن اسٹوڈیو فلم پروڈکشنز اور ناول گرافکس کے حوالے سے مشہور تھا تاہم حکام نے حملہ آور کے اس اسٹوڈیو سے تعلق کو ظاہر نہیں کیا۔ ملزم کی مکمل شناخت بھی ظاہرنہیں کی گئی۔