Monday, September 16, 2024

جاپانی کوہ پیما نے ماﺅنٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش ترک کر دی

جاپانی کوہ پیما نے ماﺅنٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش ترک کر دی
September 28, 2015
ٹوکیو (ویب ڈیسک) جاپانی کوہ پیما نوبکازو کریکی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی کوشش ترک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی 9 انگلیاں کوہ پیمائی کے دوران شدید سردی کے باعث ضائع ہو چکی ہیں۔ کریکی نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ میں نے سخت کوشش کی، اپنی تمام تر توانائی کے استعمال کے باوجود برف میں چلنے میں بہت وقت لگ رہا تھا۔ مجھے احساس ہوگیا تھا کہ اگر میں چلتا رہا تو میں زندہ واپس نہیں آوں گا۔ واضح رہے کہ نیپال میں رواں سال اپریل میں تباہ کن زلزلے کے بعد کسی بھی شخص کی ماونٹ ایورسٹ سر کرنے کی یہ پہلی کوشش تھی۔ وہ گزشتہ چھ برسوں میں چار بار ماونٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔ 2012ءمیں وہ دو روز تک 27 ہزار فٹ کی بلندی پر برف میں پھنسے رہے جہاں درجہ حرارت منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جس کے باعث ان کے ہاتھوں کی تمام انگلیاں اور ایک انگوٹھا ضائع ہوگیا تھا۔ ان کی انگیاں ضائع ہونے کے باعث انھیں کوہ پیمائی میں بھی دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔