Tuesday, September 27, 2022

امریکی وزیر خارجہ جان کیری ٹورڈی فرانس میں سائیکل چلاتے ٹانگ تڑوا بیٹھے، علاج کیلئے واپس امریکہ روانہ

 امریکی وزیر خارجہ جان کیری ٹورڈی فرانس میں سائیکل چلاتے ٹانگ تڑوا بیٹھے، علاج کیلئے واپس امریکہ روانہ
پیرس (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری جن کی فرانس میں سائیکل سواری کے دوران حادثے میں ٹانگ ٹوٹ گئی ہے جنیوا کے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ جان کیری ٹور ڈی فرانس کے روٹ پر شونزیر کے قریب سائیکل سواری کے دوران حادثہ کا شکار ہو گئے تھے جس سے ان کی دائیں ٹانگ ٹوٹ گئی جس پر انہیں علاج کیلئے جنیواکے ہسپتال منتقل کیا گیا اور ڈاکٹروں نے ان کی ہڈی اپنی جگہ بٹھا کر ٹانگ پر پلستر چڑھا دیا ہے۔ ان کے ترجمان جان کیبری نے بتایا ہے کہ کیری میڈرڈ اور پیرس کادورہ منسوخ کرکے واپس امریکہ پہنچ رہے ہیں۔ کیری کو اتوار کی شام پیرس اور پیر کو میڈرڈ جانا تھا جہاں سپین کے ساتھ دوطرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کرنا تھے جس کے تحت امریکہ کو سویلی کے قریب مورون کے فضائی اڈے کے مستقل استعمال کی اجازت مل جاتی۔ دوسری طرف انہوں نے پیر کو عراقی وزیراعظم حیدر العبادی سے ملاقات کیلئے واپس پیرس آنا تھا۔ اکہتر سالہ کیری کھیلوں کے شوقین ہیں اور اکثر دوروں پر اپنی سائیکل ساتھ لے جاتے ہیں۔ کیری کو حادثے کے بعد ابتدائی طبی امداد دی گئی اور ہیلی کاپٹر پر ہسپتال لے جایا گیا۔ کیری اپنے آبائی قصبہ بوسٹن پہنچ رہے ہیں اور میساچوسٹس جنرل ہسپتال میں علاج کرائیں گے۔