Tuesday, December 7, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

جان بچانے والی 18 اہم ادویات مارکیٹ سے غائب

جان بچانے والی 18 اہم ادویات  مارکیٹ سے غائب
August 21, 2016
لاہور(92نیوز)ڈرگ مافیا کی انسان دشمن سرگرمیاں ختم نہ ہو سکیں پہلے قیمتیں بڑھائیں اور اب جان بچانے والی اٹھارہ اہم ادویات کو مارکیٹ سے غائب کر دیا مریض مارے مارے پھر رہے ہیں لیکن حکمرانوں سمیت کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔ تفصیلات کےمطابق ڈرگ مافیا کی طرف سے جان بچانے والی اہم ادویات مارکیٹ سے غائب کرکے مریضوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے گزشتہ کئی ماہ کے دوران کمپنیاں من مانی کرتے ہوئے ادویات کی قیمتیں کئی گنا بڑھا چکی ہیں۔ مارکیٹ سے غائب ہونے والی ادویات میں آٹھ انجکشن اور دس گولیاں شامل ہیں اس صورتحال میں شوگر، امراض قلب، الرجی، بلڈپریشر اور ٹی بی کی ادویات مریضوں کو میسر نہیں جس کی وجہ سے ان کی پریشانیاں ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئی ہیں۔دوسری جانب ینگ فارما ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈرگ مافیا کی طرف سے جان بوجھ کر ایسے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ  قلت پیدا کرنے کی بڑی وجہ رواں ماہ تیس اگست کو وزارت صحت کا ہونے والا اجلاس ہے جس میں ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کی توقع کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف ڈرگ انسپکٹرز ادویات کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں ۔ ینگ فارما ایسوسی ایشن نے ایسے نااہل عملے کو فارغ کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے جو چیک اینڈ بیلنس میں ناکام ہو چکے ہیں۔