Monday, October 3, 2022

ثانیہ مرزا کی راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ کیلئے نامزدگی

ثانیہ مرزا کی راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ کیلئے نامزدگی
نئی دہلی(92نیوز)بھارتی وزارت کھیل نے ثانیہ مرزا کو راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا، بھارتی ٹینس سٹار کو اعزاز دینے کا حتمی فیصلہ ایوارڈ کمیٹی کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق ثانیہ مرزا پاک سری لنکا سیریز دیکھنے کے  لیے سری لنکا میں موجود ہیں لیکن ٹینس کے کھیل میں ان کی حالیہ کامیابیاں ان کے وطن بھارت میں سرچڑھ کر بول رہی ہیں۔ انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کی سفارش پر  بھارتی وزارت کھیل نے ثانیہ  مرزا کا نام   سب سے بڑے اعزاز کے لیے ایوارڈز کمیٹی کو بھیج دیا ہے۔ ثانیہ مرزا کا نام ٹینس ڈبلز کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے اور ومبلڈن چیمپئن شپ کا ویمنز ڈبلز ٹائٹل جیتنے پر ایوارڈ کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔ راجیو گاندھی کھیل رتنا  ایوارڈ کے لیے ثانیہ مرزا کا مقابلہ سکواش کی کھلاڑی دپیکا پالیکال اور ڈسک تھرو کے وکاس گاؤڈا سے ہو گا۔ ایوارڈ  کا حتمی فیصلہ تو ایوارڈز کمیٹی نے ہی کرنا ہے تاہم  شائقین پر امید ہیں کہ یہ اعزاز ثانیہ مرزا ہی کے حصے میں آئے گا۔