توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔
اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے پہلے سے محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دیں، سماعت کے دوران بشریٰ بی بی عدالت میں موجود نہیں تھیں۔
بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ پر پیر (18 نومبر) کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ 8 نومبر کو محفوظ کیا تھا۔
خیال رہے بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس ٹو سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا تھا۔
ریفرنس کے مطابق بشریٰ بی بی کوبلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021 کے دورہ سعودی عرب پردیا گیا تھا، جیولری سیٹ میں ایک انگوٹھی ، بریسلٹ ، نیکلس اور ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں۔
ریفرنس میں بتایا گیا تھا کہ شواہد کےمطابق بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا تھا ، ڈپٹی ایم ایس نے 18 مئی 2021 کوایس او توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے کے بارے میں آگاہ کیا، سیکشن افسر توشہ خانہ کو ڈکلیئر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا لیکن سیٹ جمع نہیں کرایا گیا۔
ریفرنس میں کہنا تھا کہ بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودی عرب کو ہار، بالیاں فروخت کی تھیں، 25 مئی 2018 کو ہار 3 لاکھ یورو، بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی گئی تھیں تاہم کمپنی سے بریسلٹ اورانگوٹھی کی قیمت کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں۔
ریفرنس کے مطابق بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے جبکہ جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔
نیب کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ رولز کے مطابق 50 فیصد دے کرسیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
ریفرنس میں مزید کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ سے ملکرنیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9، سب سیکشن 3 ،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی ، یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پرانکوائری شروع ہوئی، بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا، بانی پی ٹی آئی نے وزارت عظمیٰ کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔