توانائی کے شعبے میں نااہلی اور کرپشن مثالی ہے، شہباز شریف
لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے، توانائی کے شعبے میں نااہلی اور کرپشن مثالی ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا ہے، قوم کو بار بار بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ دیکھنا پڑ رہی ہے۔ حکومت نے گزشتہ برس کم قیمت پر گیس نہیں خریدی۔
انہوں نے کہا، ملک کو خام تیل اور گیس پر 20 فیصد زیادہ ادائیگیاں کرنا پڑیں، سستی ایل این جی کی بجائے مہنگے فرنس آئل اور ڈیزل پر بجلی کے پلانٹس چلائے گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ، ہم نے روس کے ساتھ ’نارتھ ساوتھ پائپ لائن‘ بچھانے کا معاہدہ کیا، جو موجودہ دور میں کھٹائی میں پڑا ہے۔ آج بھی اس پائپ لائن سے 14 کارگو ایک ماہ میں منگوائے جاسکتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا، کراچی خاص طور پر گیس سے محروم ہے جب پلانٹس بند ہوں گے تو برآمدکنندگان کیسے اپنے اہداف پورے کریں گے؟۔