Saturday, February 4, 2023

تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں ، وزیر اعظم

تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں ، وزیر اعظم

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر صنعت محمد حماد اظہر، معاون خصوصی عثمان ڈار شریک ہوئے۔ چیرمین سرمایہ کاری بورڈ، صنعت، کامرس، خزانہ، توانائی، پیٹرولی اور قانون ڈیویژن کے سیکریٹریز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین ایف بی ار، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، کمشنر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، سی ای او سمیڈا بھی شریک ہوئے۔ ایم ڈی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے جبکہ ویڈیو لنک سے چیف سیکریٹری سندھ اور گلگت بلتستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں کشمیر کے سیکرٹریز صنعت بھی شریک ہوئے۔

 اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایس ایم ایز کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے تمام شراکت داروں سے مشاورت کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں ایس ایم ای فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔ ایس ایم ایز کے فروغ کی خاطر قانونی ، انتظامی اور ریگولیٹری مسائل کو جلد حل کرنے کے لیے اہداف مقرر کر لیے گئے ہیں۔ چھوٹے اور درمیانے کاروباری طبقے کی سہولت کے لیے ٹیکس فارم کو آسان بنایا جا رہا ہے اور رجسٹریشن پورٹل پر کام جاری ہے۔ سمیڈا کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اس کی تنظیم نو کی جارہی ہے تاکہ کاروباری طبقے کو معاونت فراہم کی جائے۔ صوبوں میں ورکنگ گروپس قائم ہو چکے ہیں جو صوبوں میں چھوٹے اور درمیانے کاروبار کو مدد دیں گے۔ ایس ایم ایز کا ڈیٹا بیس ترجیحی بنیادوں پر اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے جس کی بنیاد پر حکومت ایس ایم ایز کو بروقت سہولت دے سکے گی۔

 اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کا اہم جزو ہیں۔ ان کو فروغ دے کر معیشت مستحکم ہو گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ تمام معاشی اعشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔ ان میں مزید بہتری کے لیے ایس ایم ایز کا فروغ ضروری ہے۔ وزیر اعظم نے ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مقرر اہداف کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔