تمام غیرملکی فوجیوں کو مقررہ تاریخ تک افغانستان سے جانا ہو گا ورنہ ردعمل دینگے، طالبان
کابل (92 نیوز) طالبان ترجمان سہیل شاہین کہا کہ تمام غیر ملکی فوجیوں کو مقررہ تاریخ تک افغانستان سے جانا ہو گا ورنہ ردعمل دیں گے۔
افغان طالبان نے امریکی فوج کو ایک بار پھر الٹی میٹم دیدیا، طالبان ترجمان سہیل شاہین نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ، انخلا کے مکمل ہونے کے بعد کوئی غیر ملکی افواج، جن میں فوجی کنٹریکٹر بھی شامل ہیں، ملک میں نہیں رہنے چاہئیں، سفارت کاروں، غیر سرکاری تنظیموں اور دیگر غیر ملکیوں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا لہذا ملک میں کسی بھی حفاظتی فورس کی ضرورت نہیں۔
حالیہ لڑائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا افغان فوجیوں کے لڑنے سے انکار کے بعد بہت سارے اضلاع ثالثی کے ذریعے طالبان کے کنٹرول میں آئے، طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات میں ابھی تک انتخابات کا معاملہ زیر بحث نہیں آیا۔
تاجکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے مطابق1,037 افغان فوجی اہلکار رات کو طالبان کے ساتھ جھڑپوں کے بعد اپنی جانیں بچانے کے لیے تاجکستان پہنچے ہیں جبکہ طالبان نے بدخشاں صوبے کے چھ اضلاع کا مکمل کنٹرول بھی سنبھال لیا۔