Friday, October 7, 2022

تفتیشی افسر تبدیل !!! ڈاکٹر عاصم حسین نے صحت جرم سے انکار کر دیا

تفتیشی افسر تبدیل !!! ڈاکٹر عاصم حسین نے صحت جرم سے انکار کر دیا
کراچی (92نیوز) ڈاکٹر عاصم حسین کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیاہے۔ سابق وزیر نے صحت جرم سے انکار کر دیا اور کہا ہے کہ انصاف نہیں ہو رہا‘ جان کو بھی خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں تفتیشی افسر کو تبدیل کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے حکومت سندھ سے شدید ناراض ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے پہلے دھوکے سے پراسیکیوٹر تبدیل کیا پھر تفتیشی افسر کو بھی بدل دیا۔ ذرائع کے مطابق گورنر ہاو¿س میں جاری اجلاس میں یہ معاملہ بھی زیر بحث آئے گا، حکومت سندھ کیس سمیت متعدد معاملات میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹر عاصم نے کرپشن کیس کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرتے ہوئے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پرانے تفتیشی افسر کے بیان حیران کن ہیں۔ یہ کیسے ہو سکتاہے کہ میں طوطے کی طرح بولوں گا۔ میرے ساتھ انصاف نہیں ہو رہا۔ اللہ کے بعد مجھے عدالت سے انصاف کی توقع ہے‘ میں ایک باعزت شخص ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی اور کی لڑائی میں بدلہ مجھ سے لیا جا رہا ہے۔ خدا کے واسطے مجھے گھر میں نظربند کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا مجھے جان مارنے کی دھمکیاں دی گئیں‘ میری جان کو خطرہ ہے۔