Saturday, July 27, 2024

تعلیمی اداروں میں منشیات کی فراہمی روکنے سے متعلق اقدامات پر تین ہفتوں میں رپورٹ طلب

تعلیمی اداروں میں منشیات کی فراہمی روکنے سے متعلق اقدامات پر تین ہفتوں میں رپورٹ طلب
October 25, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز)سپریم کورٹ نے تعلیمی  اداروں میں منشیات کی فراہمی روکنے سے متعلق اقدامات پر ایڈووکیٹ جنرلز سے تین ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی،  چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پنجاب پولیس کی رپورٹ سے لگ رہا ہے کہ سب اچھا ہے کوئی سوٹا نہیں لگ رہا۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کی فراہمی روکنے کیلئے پنجاب پولیس کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ بہت زیادہ بچے نشہ آور  اشیا استعمال کر رہے ہیں ،  سکول کا چوکیدار منشیات فروخت کرتا ہے ،کیا تھانے کے ایس ایچ او کو معلوم نہیں کون منشیات فروخت کرتا ہے۔ ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا رپورٹ دیکھ کر لگتا ہے کہ سب اچھا ہے کوئی سوٹا نہیں لگ رہا، پنجاب کے علاوہ کسی نے رپورٹ نہیں دی ، حکومت کے پاس منشیات کے عادی افراد کیلئے بھی کوئی پلان نہیں ۔ عدالت نے تمام ایڈووکیٹ جنرلز سے تین ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ، آئندہ سماعت لاہور میں ہوگی ۔  منشیات اسمگلنگ کیس میں ملزم غلام مرتضیٰ کی سزا کیخلاف اپیل پر سماعت کے دوران عدالت نے این ایف کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دئیے بچے ہیرونچی بن رہے ہیں، اے این ایف کیا کررہا ہے ، کیا این ایف والے منشیات فروشوں سے ملے ہوئے ہیں۔ جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ اے این ایف کارکردگی دکھانے کی بجائے عام لوگوں کو پھنسا رہے ہیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈی جی اے این ایف کو طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔