ترک شہروں اور پہاڑوں کو دہشت گردوں سے پاک کر کے دم لیں گے : داﺅد اوغلو

انقرہ (ویب ڈیسک) ترک وزیراعظم احمد داو¿د نے تمام کرد علاقوں میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کرد ورکرز پارٹی کے عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنی پارٹی کے ارکان سے خطاب میں احمد داو¿د اوغلو نے کہا ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے والوں کیخلاف آپریشن شورش کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا اور باغیوں کو ہر گز مہلت نہیں دی جائیگی اور ملک کے جنوب مشرق میں آپریشن اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔
اوغلو کا مزید کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں پرعزم ہے اور ملک کے پہاڑوں اور شہروں کو قاتلوں سے پاک کر کے دم لیں گے۔ دریں اثنا ترک فوج نے کہا ہے کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران آپریشن میں بتیس کرد باغی ہلاک کئے گئے۔
کردوں اور فوج میں جنگ بندی ختم ہونے کے بعد سے چار سو اڑتالیس باغی مارے گئے ہیں جبکہ درجنوں شہری اور فوجی بھی مارے گئے ہیں اور مسلسل لڑائی کی وجہ سے متعدد افراد کی نعشیں گلی کوچوں میں پڑی ہیں اور ان کی تدفین بھی نہیں ہو سکی۔
ادھر مقامی افراد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ مارے جانے والے افراد کی نعشیں جنگ زدہ علاقے سے نکالی جائیں تاکہ وہ اپنے پیاروں کی تدفین کر سکیں۔