ترک بحری جہازدورہ خیر سگالی پر پاکستان پہنچ گیا
کراچی (92نیوز)ترک بحری جہاز کی دورۂ خیر سگالی پر پاکستان آمد شمالی بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کے ساتھ مشق بھی کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق ترک بحریہ کا ایک جہاز TCG GEDIZخیر سگالی کے دورے پر آج کراچی بندرگاہ پہنچا،پاکستان میں ترک قونصل جنرل اور پاک بحریہ کے سینئر افسران نے جہاز کی آمد پر اس کا پر تپاک خیر مقدم کیا۔
دریں اثنا ترک کمانڈر ناردرن سی ایریا وائس ایڈمرل حسن سکرو کورلوبھی پاکستان کے دورے پر تشریف لائے ہیں۔
مذکورہ دورے میں معزز مہمان کراچی میں تعینات بحریہ کے سینئر افسران اور فیلڈ کمانڈرز سے ملاقات کریں گے اور پاکستان اور ترک بحری افواج کے جہازوں کا دورہ بھی کریں گے۔
متعدد تربیتی سرگرمیاں اور میری ٹائم سیکیورٹی اور آگاہی سے متعلق گفت و شنید ترک بحری جہاز کے دورۂ خیر سگالی کا حصہ ہیں ۔ اس دوران کھیلوں کے دوستانہ مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے اور ترک بحریہ کے افسران کو پاکستان نیوی کی اسٹیبلشمنٹس کا دورہ بھی کروایا جائے گا۔ دورے کے اختتام پر ترک بحری جہاز پاکستان نیوی کے فلیٹ یونٹس کے ساتھ بحری مشق بھی کرے گا۔
پاکستان اور ترک بحری افواج کے مابین گہرے تاریخی اور دوستانہ مراسم قائم ہیں اور دونوں افواج مشترکہ مشقوں ، خیر سگالی کے دوروں اور تربیتی معاملات کے حوالے سے مسلسل رابطے میں رہتی ہیں۔ ترک بحری جہاز اور ترک نیول کمانڈر کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی بالخصوص بحری تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔