Monday, January 17, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

ترکی: روسی سفیرقتل، امریکی اور ایرانی قونصل خانے بند

ترکی: روسی سفیرقتل، امریکی اور ایرانی قونصل خانے بند
December 20, 2016

انقرہ (ویب ڈیسک) ترکی میں روس کے سفیر کو قتل کر دیا گیا۔ روسی سفیر کو تصویری نمائش کے افتتاح کے موقع پر گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق روسی سفیر آندرے کارلوف کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں تصویری نمائش کے افتتاح  میں شریک تھے۔

روسی سفیر تقریب سے خطاب کرنے ہی والے تھے کہ پینٹ کوٹ میں ملبوس ایک سابق پولیس افسر نے پستول نکالا اور ان پر فائر کھول دیا۔ حملہ آور نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور بلند آواز میں کہا کہ یہ شام میں بے گناہ لوگوں کی ہلاکتوں کا بدلہ ہے۔

حملہ آور کا کہنا تھا کہ ہم شام میں مارے گئے، تم یہاں مرو گے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا۔ بائیس سال کے حملہ آور کی شناخت ایم مرت التنتاس کے نام سے ہوئی ہے جو سابق پولیس افسر تھا۔ پولیس نے حملہ آور کی ماں اور بہن کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ترکی کے جنوب مغربی صوبے ایدن سے بھی دو خواتین کو حراست میں لے لیا ہے۔

 انقرہ میں بھی امریکی سفارتخانے کے باہر فائرنگ کے واقعہ پیش آیا جس کے بعد امریکا نے  سفارتحانہ اور قونصلیٹ بند کرد یا  ہے۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔ ایران نے  بھی ترکی کے مختلف شہروں میں اپنے قونصل خانے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

ترکی میں روسی سفیر کے قتل پر پاکستان نے مذمت کرتے ہوئے ترکی اور روس سے اظہار یکجہتی کیا اور کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام سوگوار خاندانوں کیساتھ ہے۔ 

ادھر ترک صدر طیب اردوان نے روسی ہم منصب پیوٹن کو ٹیلیفون کیا اور روسی سفیر کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ امریکا اور اقوام متحدہ نے بھی روسی سفیر کے قتل کی مذمت کی ہے۔ شام کی جنگ میں روس اور ترکی اتحادی ہیں اور وہ باغیوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے دونوں ممالک کے تعلقات اس وقت انتہائی کشیدہ ہو گئے تھے جب ترکی نے روس کا طیارہ مار گرایا تھا تاہم ترکی کی طرف سے معافی مانگنے پر دونوں ملکوں کے تعلقات میں کچھ بہتری آئی تھی۔