ترکی بم دھماکے: جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 100 ہو گئی، سوگ کا اعلان
انقرہ (ویب ڈیسک) ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ایک امن ریلی کے دوران دو بم دھماکے ہونے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 180 سے زائد افراد ابھی بھی زخمی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ریلوے سٹیشن کے قریب ایک امن ریلی کے دوران وقفے وقفے سے دو زور دار بم دھماکے ہوئے۔ ترک سکیورٹی حکام کے مطابق دونوں دھماکے خودکش تھے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے شہریوں کو ہسپتال پہنچایا گیا جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ سکیورٹی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ یہ دھماکے شہر کے مرکزی ریلوے سٹیشن کے قریب ہوئے۔
یہاں امن ریلی میں شریک افراد کرد علیحدگی پسند گروپ کے خلاف تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس سے پہلے جون میں بھی کرد نواز جماعت ایچ ڈی کی ریلی کو دیارِ بکر شہر میں عام انتخابات سے قبل نشانہ بنایا جاچکا ہے۔