ترلائی کلاں میں رینجرز کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ

اسلام آباد ( 92 نیوز) پنجاب رینجرز امن وامان کے قیام کے ساتھ ساتھ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں بھی پیش پیش ہے ، اسلام آباد کے نواحی گاؤں ترلائی کلاں میں مفت میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ، کیمپ میں مریضوں کو مفت ادویات اور چھوٹے بچوں کو کھلونے بھی تحفے میں دیئے گئے ۔
پنجاب رینجرز 23 ونگ کی جانب سے اسلام آباد کے نواحی گاوں ترلائی کلاں میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ، میڈیکل کیمپ میں علاج کی غرض سے آنے والے بچوں ، خواتین اور بڑوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
اس موقع پر مریضوں کا کہنا تھا کہ میڈیکل کیمپس کا انعقاد غریب اور نادار افراد کے لئے نہایت مفید ہیں، کیمپ کے انعقاد پر پنجاب رینجرز کے شکر گزار ہیں ۔
میڈیکل کیمپ میں خواتین کے علاج کے لئے لیڈی ڈاکٹر بھی موجود تھیں ، مریضوں کو مفت چیک اپ کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں ۔
ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ شہری جوق در جوق آ رہے ہیں ، شہریوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
پنجاب رینجرز کی جانب سے منعقدہ ایک روزہ میڈیکل کیمپ دن بھر جاری رہا۔