تحفظ نسواں بل پر وزیراعظم سے تحفظات کا اظہار کر دیا : فضل الرحمان

لاہور (92نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحفظ خواتین قانون پر اپنے تحفظات وزیراعظم کو پیش کر دیے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اصلاحات کی پیشکش کل علماءکرام کے اجلاس میں رکھیں گے جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق رائیونڈ جاتی عمرہ میں مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی بھی مذاکرات کے لیے حقوق نسواں قانون واپس لینے کی شرط عائد نہیں کی۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ علماءکرام کے تحفظات دور کرنے کے لیے خود اقدامات اٹھائیں گے جبکہ حکومت پنجاب نے بھی کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحفظ خواتین کا قانون آئین اور شریعت کے منافی ہے۔ اب اس پر مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اب ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتے جس سے کوئی نئی رکاوٹ پیدا ہو۔
انہوں نے رانا ثناءاللہ کی باتوں کو گپ شپ قرار دیتے ہوئے ہنس کر ٹال دیا۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران حکومت نے مردوں کو جی پی ایس کڑے پہنانے اور انھیں اڑتالیس گھنٹے گھر سے باہر رکھنے سمیت انتہائی غیرمتنازعہ شقیں ختم کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔