تحریک لبیک پاکستان کا قافلہ مختلف شہروں سے ہوتا ہوا سرائےعالمگیر پہنچ گیا

اسلام آباد (92 نیوز) فیض آباد دھرنا ختم ہونے کے بعد تحریک لبیک پاکستان کا قافلہ مختلف شہروں سے ہوتا ہوا سرائے عالمگیر پہنچ گیا جہاں قافلے کا شاندار استقبال کیا گیا۔
فیض آباد دھرنا ختم ہونے کے بعد تحریک لبیک پاکستان کا قافلہ اسلام آباد سے روانہ ہوا تو شہر شہر شاندار استقبال کیا جا رہا ہے۔ جہلم میں لوگوں کی بڑی تعداد جی ٹی روڈ پر امڈ آئی اور دھرنا قائدین کا شایان شان طریقے سے استقبال کیا۔ لوگوں نے قافلے پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔
اس موقع پر قائد تحریک علامہ خادم حسین رضوی نے میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر قانون کا استعفیٰ برائی کے خاتمے کی جانب پہلا قدم ہے۔ ختم نبوت قانون کی ترمیم میں ملوث عوامی نمائندے بھی بے نقاب ہوں گے تاہم اپنے کارکنوں کو شہید کروانا کوئی کامیابی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
جہلم سے ہوتا ہوا قافلہ سرائے عالمگیر پہنچا تو وہاں بھی شاندار استقبال کیلئے لوگوں کا جم غفیر موجود تھا۔ کارکنوں نے دھرنا قائدین پر گل پاشی کے علاوہ ختم نبوت کے حق میں نعرے بازی بھی کی جس کے بعد قافلہ سرائے عالمگیر سے کھاریاں کیلئے چل پڑا۔