Thursday, September 29, 2022

تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا 15 ویں روز بھی جاری

تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا 15 ویں روز بھی جاری

اسلام آباد (92 نیوز) فیض آباد انٹر چینچ پر تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا 15 ویں روز بھی جاری ہے جبکہ حکومت اور دھرنا مظاہرین کے درمیان ڈیڈ لاک بھی بر قرار ہے۔
حکومت اپنی ضد پر اور دھرنا قائدین وزیر قانون کے استعفے کے مطالبے پر بدستور قائم ہیں۔ مذاکرات کے دور پر دور آئے لیکن کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔
اس حوالے سے تحریک لبیک کی مجلس شوری کا اجلاس بھی ہوا جس میں مصالحتی کمیٹی اور حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کا جائزہ لیا گیا۔
سجادہ نشین گولڑہ شریف پیر سید غلام نظام الدین جامی نے حکومت اور دھرنا قائدین کے درمیان مصالحت کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے فیض آباد میں جاری دھرنے میں بھی شرکت کی۔
دوسری طرف وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دھرنے کے شرکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہر سطح پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا۔ دھرنا ختم نہ ہوا تو آپریشن آخری آپشن ہو گا۔
وزیر داخلہ احسن اقبال نے تمام مکاتب فکر کے مرکزی علماء کا ہنگامی اجلاس آج بلا لیا ہے جس میں ختم نبوت پر قوم کو متحد رکھنے کے لئے لائحہ عمل بنایا جائےگا۔