تحریک انصاف کے پاس ناکافی ثبوت ہیں ،عمران خان نے اپنی روش نہ بدلی تو اگلے انتخابات میں پی ٹی آئی کا نام تک نہیں ہوگا:جاوید ہاشمی

ملتان(92نیوز)سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے پاس دھاندلی کے ثبوت ناکافی ہیں عمران خان نے روش نہ بدلی تو اگلے انتخابات میں پی ٹی آئی کا نام تک نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پہلے ن لیگ اور پھر تحریک انصاف سے بغاوت کرنے والے جاوید ہاشمی کو کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں پی ٹی آئی کے مایوس کن نتائج نے عمران خان پر برسنے کا موقع فراہم کر دیا۔
ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج تحریک انصاف کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ انہوں نے جمہوریت بچانے کے لئے اپنی نشست کی قربانی دی،جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کو کسی کے آگے جواب دہ نہیں سمجھتے وجیہہ الدین کو پارٹی الیکشن ٹربیونل سے ہٹانا آمریت ہےعمران خان نے اپنی قبر پر خود ہی فاتحہ پڑھ لی ہے۔
جاوید ہاشمی نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کے استعفوں کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو آئینی غلطیوں کا جواب دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان،شاہ محمود اور جہانگیر ترین نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔