تحریک انصاف کے دھاندلی کے خلاف دھرنے کو آئی ایس آئی سے جوڑنا سمجھ سے بالاترہے : شیریں مزاری
اسلام آباد(92نیوز)شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا دھاندلی کے خلاف دھرنا روز روشن کی طرح واضع تھا۔ حکمرانوں کی جانب سے دھرنے کو آئی ایس آئی سے جوڑنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی ترجمان شیریں مزاری نے مشاہداللہ کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے پر امن دھرنے کوسازش بنانے کی سازشیں گمراہ کن ہیں،دھرنے کی آڑ میں ملک کے حساس اداروں کو دھرنے سے جوڑنے کی کوششیں قابل مذمت ہیں،تحریک انصاف دھرنے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی خطرناک اور گمراہ کن کوششوں سے تنگ آچکی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاک فوج دھشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں سمیٹ رہی ہے ایسے میں حکومت کا کھیل سمجھ سے باہر ہے۔
قوم نے فوج اور عسکری اداروں کے خلاف ایم کیو ایم کے بیانات کو شدید ناپسند کیا، شیریں مزاری کا مزید کہنا تھا کہ مشاہد اللہ خان کے بیان کو بھی عوام اور تحریک انصاف نے ناپسندیدہ قرار دیا ہے۔
شیریں مزاری نے مشاہد اللہ کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔الزامات جھوٹ ثابت ہونے پر مشاہد اللہ سمیت ذمہ داران کو وزارت اور سیاست سے نکال باہر پھینکا جائے۔