Sunday, September 15, 2024

تحریک انصاف کی ٹکٹوں کی تقسیم ، متعدد رہنما ناراض ہو گئے

تحریک انصاف کی ٹکٹوں کی تقسیم ، متعدد رہنما ناراض ہو گئے
June 10, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے ٹکٹوں کی تقسیم  پر متعدد پارٹی رہنما اور کرکن ناراض ہو گئے ، پارٹی رہنماؤں نے ٹکٹوں کی تقسیم کو غیر منصفانہ اور فیصلوں کو ڈکٹیٹر شپ قرار دیے دیا ۔  ٹکٹ سے محروم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پارٹی نے ان کی وفاداری اور خدمات پر پانی پھیر دیا ہے اور متعدد نے تو پارٹی رکنیٹ سے استعفیٰ دیدیا۔ فیصل آباد میں سابق ایم این اے راجہ نادر پرویز نے دیگر رہنماؤں کیساتھ  پریس کانفرنس کی اور ٹکٹوں کی تقسیم کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ  بنی گالا جا کر دھرنا نہیں دے سکتے البتہ کہنے پر مجبور ہیں کہ جو بھی ہوا یہ جمہوریت نہیں  ڈکٹیٹر شپ ہے ۔ سابق رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ این اے 107 شہر کا دل ہے جس میں دوسرے علاقے کے شخص کو امیدوار بنا دیا گیا، انہیں ٹکٹ نہیں دینا تھی اعتماد میں تو لیا جاتا ۔  دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کمزور پینل دینے سے کارکن مایوس ہیں۔  عوامی سروے میں جو فیورٹ تھے انہیں نظر انداز کر دیا گیا ، پارٹی رہنما میڈیا کے سامنے اپنی پارٹی خدمات بھی گنواتے رہے۔ پارٹی رہنماؤں نے اپنے کپتان سے مطالبہ کیا کہ ٹکٹوں کی غلط تقسیم کے ذمہ داروں کو پارٹی سے نکالا جائے جبکہ فیصلوں سے دلبرداشتہ ضلعی سیکرٹری اجمل چیمہ اور سٹی جھمرہ کے صدر فواد چیمہ مستعفی ہو چکے ہیں ۔ گوجرانوالہ  میں ناراض کارکنوں نے مرغا بن کر اور کمر پر لوٹے رکھ کر احتجاج کیا ، اوکاڑہ سے اشرف سوہنا نے بھی  عید کے بعد بنی گالا میں احتجاج کا عندیہ دے دیا ہے۔