تحریک انصاف کو ریڈزون میں چار اکتوبر کے جلسے کی اجازت نہ مل سکی‘ پی ٹی آئی جلسہ کرنے پر بضد
اسلام آباد (92نیوز) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف پر واضح کردیا کہ چار اکتوبر کو ریڈ زون میں جلسے جلوس کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ پی ٹی آئی نے ضلعی انتظامیہ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ جلسہ طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو ریڈ زون میں جلسے یا سیاسی اجتماع کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کو شہر کے کسی کھلے مقام پر جلسے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے موقف اپنا یا ہے کہ شہر میں دفعہ 144کا نفاذ ہے جس کے تحت ہر قسم کے جلسے جلوس، اجتماع پر مکمل پابندی ہے۔ موجودہ سکیورٹی صورت حال میں انتہائی حساس علاقے ریڈ زون میں اتنا بڑا اجتماع سکیورٹی رسک ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے کو مسترد کردیا ہے اور اس حوالے سے عمران خان نے ایک اہم مشاورتی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔ عمران خان کا موقف ہے کہ جلسہ کسی بھی سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے‘ اگر انتظامیہ نے اجازت نہ دی تو جلسہ دھرنے میں بھی بدل سکتا ہے۔