Tuesday, September 17, 2024

تحریک انصاف کا مطالبہ منظور !!! ضمنی انتخابات میں فوج اور رینجرز تعینات ہو گی

تحریک انصاف کا مطالبہ منظور !!! ضمنی انتخابات میں فوج اور رینجرز تعینات ہو گی
September 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے ایک سو بائیس، این اے ایک سو چون، پی پی ایک سو سینتالیس لاہور اور پی پی سولہ اٹک کے ضمنی الیکشن میں فوج کی تعیناتی کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ این اے ایک سو بائیس اور این اے ایک سو چون کے ضمنی انتخابات میں رینجرز بھی تعینات ہو گی۔ ضمنی انتخابات کے دوران پی پی سولہ اٹک اور پی ہی ایک سو سینتالیس لاہور میں بھی فوج اور رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے لئے وزارت دفاع کو خط لکھ دیا ہے۔ تحریک انصاف کی طرف سے این اے ایک سو بائیس میں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ این اے ایک سو بائیس، ایک سو چون اور پی پی ایک سو سینتالیس میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم الیکشن ٹربیونل نے دیا تھا۔ این اے ایک سو بائیس میں مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق اور تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان، این اے ایک سو چون میں مسلم لیگ (ن) کے عمیر بلوچ اور تحریک انصاف کے جہانگیر ترین جبکہ پی پی ایک سو سینتالیس میں مسلم لیگ (ن) کے محسن لطیف اور تحریک انصاف کے شعیب صدیقی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔