Friday, September 13, 2024

تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکن آمنے سامنے، انتظامیہ اور پولیس کی مداخلت، تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا

تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکن آمنے سامنے، انتظامیہ اور پولیس کی مداخلت، تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا
October 6, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بائیس کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے انتخابی مہم کے دوران اس وقت سیاسی کارکنوں میں تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا جب تحریک انصاف کی ریلی کو مسلم لیگ ن کے دفتر محمد علی چوک پر روکا گیا۔ حلقہ این اے ایک سو بائیس کا انتخابی دنگل عروج پر پہنچ گیا ہے۔ جوں جوں انتخاب قریب آ رہے ہیں کارکنوں میں جوش وولولہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز بھی تحریک انصاف کی ریلی کو دو جگہ روکا گیا جس پر انتظامیہ اور پولیس نے فوری مداخلت کر کے بیچ بچاؤ کرایا اور ریلی کو پرامن طور پر وہاں سے گزارا۔ تحریک انصاف کی ریلی محمد علی چوک سے گزر رہی تھی کہ دفتر میں موجود مسلم لیگ ن کے کارکن بھی سڑک پر آ گئے ۔ تحریک انصاف کے رہنما چودھری سرور اور علیم خان سیخ پا ہو گئے اور ن لیگ کے کارکنوں کو راستہ چھوڑنے کو کہتے رہے۔ چودھری سرور کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت انہیں انتخابی مہم چلانے سےروکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ صورتحال تبدیل نہ ہوئی تو نتائج کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔