تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کا حکومت دوبارہ شامل ہونے کا فارمولا طے
پشاور(92نیوز)خیبرپختونخوا میں برسراقتدار تحریک انصاف نےبدعنوانی کےالزامات لگا کر نکالی جانے والی قومی وطن پارٹی کو دوبارہ حکومت میں شامل کرلیا، سکندرشیرپائو سینئروزیرہوں گے بارہ نکاتی معاہدہ پردستخط ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق یہ سیاسی مجبوری ہے یا پھرخیبرپختونخوا میں بدلتا سیاسی منظرنامہ ہے صوبے کی حکمران جماعت تحریک انصاف نے ایک بار پھر اس جماعت کو گلے لگا لیا جسے دو سال قبل اس کے وزراء پر بدعنوانی کےالزامات عائد کرکے چلتا کردیا تھا۔
اسلام آباد میں قومی وطن پارٹی کے سربراہ آٖفتاب شیرپائو کی رہائش گاہ پردونوں جماعتوں کے درمیان معاہدہ ہوگیاجس میں تحریک انصاف کی جانب سےوزیراعلٰی پرویزخٹک جبکہ قومی وطن پارٹی کی جانب سے سکندرشیرپاؤ نے دستخط کئے۔
عمران خان اس معاہدے پرخاموش ہیں لیکن جہانگیر ترین اپنی ٹیم کی پشت پر کھڑے نظرآئےمعاہدے میں اگرچہ صوبائی حقوق کے حصول کی جدوجہد کے نکات شامل کئے گئے تاہم صوبائی حکومت میں قومی وطن پارٹی کو کتنا حصہ ملے گا اس کا ذکر نہیں۔
واقفاں حال کا خیال ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے قومی وطن پارٹی کو پانچ محکمے دینے کا وعدہ کیا ہے لیکن یہ واضح نہیں کہ صوبائی کابینہ میں اس کے کتنے وزیرہوں گے۔