تجدید عہد کا دن، اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ، صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف کی شرکت

اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) یوم پاکستان آج قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی، یکجہتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں عسکری اثاثوں کے ساتھ ساتھ مختلف صوبوں کی ثقافت پر مبنی فلوٹس نے بھی خوب رنگ بکھیرے۔
شکر پڑیاں پریڈ گرائونڈ میں سجی شاندار تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، ارکان پارلیمنٹ، وفاقی وزرا اور غیرملکی سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔ صدر پاکستان ممنون حسین روایتی انداز میں صدارتی بگھی میں پریڈ گراؤنڈ پہنچے اور مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کے دستوں کا معائنہ کیا۔
ایئرچیف مارشل سہیل امان نے فلائی پاسٹ کی قیادت کرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی جبکہ اعلیٰ فوجی افسران کی سربراہی میں مخلتف دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ پریڈ کے آغاز پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد پریڈ گراؤنڈ میں موجود تھی۔