تاریخی مقامات کی دریافت کے لیے20 شہروں میں سروے کا فیصلہ

لاہور (روزنامہ 92) محکمہ آثار قدیمہ پنجاب نے سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جہلم، راولپنڈی، جھنگ، اٹک اور جنوبی پنجاب کے بعض شہروں سمیت 20 شہروں میں نئے تاریخی مقامات دریافت کرنے کیلئے سروے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو آئندہ چند ہفتوں میں باقاعدہ کام شروع کر دیں گی، منصوبہ کے لیے ابتدائی طور پر50 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، جس میں بعد ازاں اضافہ کر دیا جائے گا۔
دریافت ہونے والی آرکیالوجیکل سائٹس، تاریخی مقامات و عمارات کی ڈیٹا کولیکشن کی جائے گی اور ان کی باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے گی تاکہ انہیں آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔ ڈیٹا کولیکشن اور تاریخی عمارات و مقامات کی رپورٹ کمیٹی کو بھجوائے گی جو فیصلہ کرے گی کہ کن آرکیالوجیکل سائٹس کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔