بیٹے کو سرکاری ملازمت نہ دینے پر جیالہ ڈھول پیٹتابدین سے حیدرآباد پہنچ گیا

حیدرآباد (92 نیوز)بیٹے کو سرکاری ملازمت نہ دیئے جانے کے خلاف بدین کا رہائشی پیپلزپارٹی کا ضعیف العمر کارکن پیدل ڈھول بجاتا ہوا حیدرآباد پہنچ گیا۔
حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ڈھول بجاتا ہوا یہ 70 سالہ بوڑھا شخص بدین کا رہائشی مٹھو منگنھار ہے جو اپنے بیٹے کو سرکاری ملازمت نہ دیے جانے کے خلاف ڈھول بجا کر انوکھا احتجاج کر رہا ہے۔
مٹھو منگنھار کا کہنا ہے کہ انٹر پاس بیٹے کی ملازمت کے لئے بدین کے ارکان اسمبلی سمیت وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی درخواست دی لیکن 6 سال گزر گئے ملازمت نہ مل سکی۔
ڈھول بجا کر انوکھا احتجاج کرنے والے مٹھو منگنھار نے اعلان کیا کہ اگر اس کے بیٹے کو سرکاری ملازمت نہ ملی تو وہ ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر خود سوزی کر لے گا۔