بیرون ممالک 87لاکھ پاکستانیوں نے شہریت حاصل کی !!! وزارت خارجہ کا سینیٹ میں بیان
اسلام آباد (92نیوز) وزارت خارجہ نے سینیٹ کے اجلاس میں بیرون ممالک شہریت حاصل کرنے والے پاکستانیوں کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔ سرتاج عزیز کہتے ہیں ستاسی لاکھ پاکستانیوں نے بیرون ممالک میں شہریت حاصل کی۔
انہوں نے ایوان کو بتایا کہ روس کے ساتھ اہم دفاعی معاہدے کئے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں تحریری جواب کے مطابق ستاسی لاکھ پاکستانیوں نے بیرون ممالک میں شہریت لی۔ افغانستان میں اکہتر ہزار‘ کینیڈا میں ایک لاکھ 75ہزار‘ چین میں چودہ ہزار‘ آسٹریلیا میں دس ہزار‘ ڈنمارک میں پینتیس ہزار‘ آذربائیجان میں ایک لاکھ دس ہزار پاکستانیوں نے شہریت حاصل کی۔
سرتاج عزیز نے اعداد وشمار بتاتے ہوئے کہا کہ نو لاکھ پاکستانیوں کو سعودی عرب میں ریگولرائز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور منشیات کی وجہ سے بہت سے ممالک پاکستان سے لیبر مین پاور نہیں لے رہے تاہم ضرب عضب کے بعد سے صورتحال بہتر ہوئی ہے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت نے پینٹا گون میں سیل بنانے کی کوششیں 2012ءسے شروع کی تھیں۔ بھارت کی طرح پاکستان کے بھی امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدے ہیں جبکہ ایسے ہی معاہدے روس اور چین کے ساتھ بھی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ روس کے ساتھ دفاعی آلات کی خریداری کے اہم معاہدے ہونے جا رہے ہیں۔