Tuesday, January 31, 2023

بیرون ملک خدمات انجام دینے والے پہلے بھی گورنراسٹیٹ بینک رہ چکے ہیں، ‏افتخار درانی

بیرون ملک خدمات انجام دینے والے پہلے بھی گورنراسٹیٹ بینک رہ چکے ہیں، ‏افتخار درانی
اسلام آباد ( 92 نیوز) ترجمان وزیراعظم آفس افتخار درانی نے ماضی کے گورنرز اسٹیٹ بینک کی فہرست جاری کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک خدمات انجام دینے والے پاکستانی پہلے بھی گورنراسٹیٹ بینک تعینات کئے جا چکے ہیں ۔ بلاول بھٹو کے بیان پر ترجمان وزیراعظم آفس افتخار درانی نے ماضی کے گورنرز اسٹیٹ بینک کی فہرست جاری کر دی ، کہا کہ پیپلز پارٹی کے حادثاتی چیئرمین کی یاداشت کمزور ہے ،اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی پہلے بھی بیرون ملک خدمات  انجام دیتے رہے ہیں ۔

رضا باقر گورنر اسٹیٹ بینک تعینات

افتخار درانی نے کہا کہ 1993میں آئی ایم ایف سے آنے والے محمد یعقوب 6 سال تک گورنر اسٹیٹ بینک رہے جبکہ مرکز میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومت تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ 1999 میں ورلڈ بینک سے آنے والے عشرت حسین کو گورنر اسٹیٹ بینک بنایا گیا ، 2006 میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی شمشاد اختر،2009  میں انٹرنیشنل کمرشل بینکر سلیم رضا کو بھی گورنر تعینات کیا گیا ۔ یاسین انور اور اشرف وتھرا بھی گورنر اسٹیٹ بینک کے عہدے پر کام کر چکے ہیں ، دونوں حضرات پاکستان سے باہر عالمی بینکوں میں ملازمت کر رہے تھے ۔ افتخار درانی کا کہنا ہے ایسے پاکستانیوں کو پہلے بھی گورنراسٹیٹ بینک اور حکومتی اداروں میں اہم عہدوں پر تعینات کیا جاتا رہا ہے  ۔ بلاول بھٹو کو پڑھی لکھی میڈیا ٹیم کی اشد ضرورت ہے ،ایسی ٹیم جو پاکستانی مسائل سے متعلق درست ریسرچ فراہم کر سکے ۔