بیروزگاروں کیلئے 75 ارب روپے کا پیکیج منظور کیا، حماد اظہر

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے عوام کےلیے مزید دو ریلیف پیکیج کااعلان کردیا۔ وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث ملازمتیں کھو دینے والے بیروزگاروں کے لیے 75 ارب روپے کا پیکیج منظور کیا ہے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزارت صنعت وپیداوار اور احساس پروگرام پورٹل لانچ کریں گے، جس کے ذریعے 40 سے 60 لاکھ افراد کو 12 ہزار روپے دیئے جائیں گے، رقم ملازمتیں کھو دینے والوں میں تقسیم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ سے منظوری کے بعد پیکیج کا آغاز کردیا جائے گا، بلاضمانت قرضوں پر بھی مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروباری افراد کے آئندہ تین ماہ تک بجلی کے بل حکومت ادا کرے گی، بل کا تخمینہ گزشتہ برس کے مئی، جون، جولائی کے بلوں سےلگائیں گے۔
مزید بتایا کہ وزیراعظم چھوٹا کاروبار امدادی پیکیج کا حجم 50 ارب روپے ہوگا، پیکیج گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر بھی لاگو ہوگا۔