Saturday, July 27, 2024

بیدیاں روڈ دھماکہ،شہید فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا

بیدیاں روڈ دھماکہ،شہید فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا
April 5, 2017
  لاہور(92نیوز)بیدیاں روڈ پر شہید ہونے والے پانچ فوجی جوانوں کی نماز جنازہ لاہور میں اداکر دی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب اور کورکمانڈر لاہور نے بھی شرکت کی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی  دی ۔۔ تفصیلات کےمطابق سانحہ  بیدیاں  روڈ کے شہدا کی نماز  جنازہ  ایوب  اسٹیڈٖیم  لاہور میں ادا کردی گئی ہے ، نمازجنازہ میں  گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ،،وزیراعلیٰ   شہباز شریف ،،کورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل صادق علی ، ڈی  جی رینجرز پنجاب، آّئی جی،  سی سی پی او لاہور سمیت  سول و عسکری  حکام اورجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد  شہدا  کے جسد خاکی کو ایمبولینسز کے ذریعے  ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیاگیا جہاں انہیں مکمل  فوجی  اعزاز  کے ساتھ سپرد خاک کیا  جائے گا ۔  اس  سے پہلے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ  جنرل صادق علی  سی ایم ایچ اور جنرل اسپتال  گئے  جہاں  انہوں نے سانحہ میں زخمی ہونے والوں کی  فرداً فرداً خیریت دریافت کی ۔ پاکستان نیوی کے سٹیشن کمانڈر کموڈور ایس ایم شہزاد بھی زخمیوں کی عیادت کرنے والوں میں شامل تھے ، عسکری  حکام  نے  زخمیوں کے بلند حوصلے کی تعریف  کی اور کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہر حال میں  جاری رہےگا  ، جنرل اسپتال میں  وزیرصحت برائے پرائمری و سکینڈری پنجاب  خواجہ عمران نذیر ،  ایم این اے پرویز ملک،میئر لاہور مبشر جاوید ، کمشنر عبداللہ خان سنبل اور ڈپٹی کمشنر سمیر سید نے زخمیوں کی عیادت کی  اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔