Sunday, October 2, 2022

بیجنگ: پاکستان، چین اور افغانستان کا سہ فریقی مشاورتی اجلاس

بیجنگ: پاکستان، چین اور افغانستان کا سہ فریقی مشاورتی اجلاس

 بیجنگ (92 نیوز) پاکستان، چین اور افغانستان کا بیجنگ میں سہ فریقی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔
اجلاس کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
چین کے شہر بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں افغان امن عمل اور تینوں ممالک کے تعلقات پر بات چیت کی گئی جبکہ باہمی دلچسپی کے امور اور سی پیک منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاک، افغان وزرائے خارجہ کو خوش آمدید کہا۔
تینوں ممالک کے مابین یہ پہلا سہہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس تھای۔
وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ افغانستان کی جانب سے صلاح الدین ربانی شریک ہوئے۔
دفترخارجہ کے مطابق اجلاس سے قبل پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان بھی مذاکرات ہوئے جس میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کے ساتھ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ڈی جی چین ڈیسک عائشہ عباس نے بھی شرکت کی۔
مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سی پیک منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ سہ فریقی مذاکرات کے اچھے نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مثالی ہے اور دونوں اسٹریٹجک پارٹنرز بھی ہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ دو طرفہ مذاکرات کا مقصد سہ فریقی مذاکرات سے قبل ایک دوسرے کو اعتماد میں لینا تھا۔