Tuesday, April 30, 2024

بیت اللہ شریف کے طواف کیلئے مطاف کھول دیا گیا

بیت اللہ شریف کے طواف کیلئے مطاف کھول دیا گیا
March 31, 2020
مکہ مکرمہ ( 92 نیوز) بیت اللہ شریف کے طواف کیلئے مطاف کھول دیا گیا ، درجنوں افراد نے صحن کعبہ میں طواف کی سعادت حاصل کی ، اللہ کے حضور کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ حرم شریف میں مطاف کے حصے میں طواف کے سلسلے کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ اس دوران کم لوگوں کا اجتماع ہی طواف کر سکے گا ، طواف کے دوران خانہ کعبہ کے گرد حفاظتی ڈھانچہ کھڑا کیا گیا ہے اور زائرین کو کعبہ کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسجد الحرام انتظامیہ کے ٹویٹر اکاؤنٹ پراطلاع دی گئی ہے کہ مسجد کے اندر طواف کے علاوہ  بیت اللہ کے صحن مطاف میں بھی مخصوص افراد کو طواف کعبہ کی اجازت دی دے گئی ، اجازت پانے والےخوش نصیبوں نے طواف کعبہ بھی کیا اور اللہ کے حضور کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگیں۔ دوسری جانب سعودی عرب میں گذشتہ14 روز سے قرنطینہ میں رہنے والے 2500 سے زیادہ افراد کو اپنے گھروں کو روانہ ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے ، مختلف ممالک سے واپس آنےوالوں کو قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا تھا۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق ان تمام افراد کا کورونا  ٹیسٹ منفی آیا تھا ، جس کے بعد انہیں قرنطینہ سے جانے کی اجازت دے دی گئی ، قرنطینہ سنٹر سے روانہ ہونے والوں کو تحائف پیش کئے گئے  اور ان کی مکمل صحت یابی پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ تمام افراد کو طبی معائنہ مکمل ہونے تک مہمانوں جیسی سہولیات اور خدمات دستیاب تھیں۔ طبی مشاورت کے لیے ان کے کمروں میں اسکرینیں فراہم کی گئی تھیں۔قرنطینہ سے روانہ ہونے والے افراد نے بھرپور مہمان نوازی اور دیکھ بھال سمیت بہترین سہولیات فراہم کرنے پرسعودی وزارت صحت کا شکریہ ادا کیا۔