Thursday, May 2, 2024

بھکر کے شہریوں میں عید پر شاندار لباس پہن کر جاذب نظر آنے کا جنون

بھکر کے شہریوں میں عید پر شاندار لباس پہن کر جاذب نظر آنے کا جنون
July 25, 2020
بھکر (92 نیوز) عید پر شاندار لباس پہن کر جاذب نظرآنے کیلئے شہریوں میں من پسند ملبوسات سلوانے کا رجحان زور پکڑ گیا، جس سے درزیوں کا کام اس وقت عروج پرہے اور اب تو درزیوں نے بکنگ بند کرکے شہریوں کو کورا جواب دینا شروع کر دیا ہے۔ نیا سوٹ نہ ہو تو عید کیسی، اسی لئے من پسند سوٹ سلوانے کے ڈھیروں آرڈر، بھکر میں سلائی مشین کا پہیہ رُکنے کا نام نہیں لے رہا۔ درزیوں کی مصروفیت ایسی کہ سر کجھانے کا وقت بھی نہیں، شہریوں نے اپنے سوٹ سلوانے کیلئے بروقت درزیوں کو دے دئیے جو لیٹ ہوئے وہ مشکلات سے دوچار ہیں، کیونکہ اب بکنگ بند اور سننے کو کورا جواب مل رہا ہے۔ عید سے قبل ایک مہینہ درزیوں کا سیزن ہوتا ہے اور وہ خوب کما بھی رہے ہیں، اب تو سلائی میں بھی ورائٹی آ گئی، جس طرح کا کام اس طرح کے دام ہیں، سادہ سوٹ سلائی 600 سے 800 روپے اور اگر ڈبل سلائی یا ڈیزائننگ کروانی ہو تو اس کے پیسے الگ ہوں گے۔ دکانوں کے باہر آویزاں بکنگ بند ہے کے بورڈ ہاتھ میں کپڑے اٹھائے شہریوں کا منہ چڑا رہے ہیں۔ سوٹ سلوانے کیلئے مارے مارے پھرنے والے شہری درزیوں کے نخروں سے تنگ اور ڈبل سلائی دیکر اپنا کام نکلوانے پر مجبور ہیں۔