بھارت : گرمی کی شدت سے ہونیوالی ہلاکتوں کی تعداد 2ہزار سے تجاوز کرگئی،کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت
نئی دہلی(ویب ڈیسک)بھارت میں گرمی کی شدت سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دوہزارسے تجاوز کرگئی جبکہ تلنگانہ میں گرمی نے نیا ریکارڈ قائم کردیا،کئی بھارتی علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے بیشتر علاقے گزشتہ کئی روزسے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں ،تلنگانا اور آندھرا پردیش کی ریاستیں، زیادہ متاثر ہوئی ہیں جہاں ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
دہلی میں بھی سورج آ گ برساتارہا اور شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے،سرکاری اسپتالوں میں گرمی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جن میں زیادہ تعداد کم سن بچوں اور خواتین کی ہے،کئی بھارتی ریاستوں میں پانی کی قلت کے باعث حالات مزید خراب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ تلنگانہ میں مسلسل کئی روز سے درجہ حرارت 47ڈگری سینٹی گریڈ رہا اور گرمی کا نیا ریکارڈ بن گیا،بھارتی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو تسلی دی ہے کہ اگلے ہفتے سے مون سون کی بارشیں متوقع ہیں جس سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکا ن ہے۔