Friday, January 21, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

بھارت کی جوہری طاقت میں حد درجہ اضافہ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ، آزمائشوں کے باوجود پاکستان امن کا علمبردار ہے: ناصر جنجوعہ

بھارت کی جوہری طاقت میں حد درجہ اضافہ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ، آزمائشوں کے باوجود پاکستان امن کا علمبردار ہے: ناصر جنجوعہ
April 5, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ بھارت کی دفاعی قوت اور جوہری طاقت میں حد درجہ اضافہ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ کہتے ہیں ریاستوں کو مفاہمت، انسداد دہشتگردی وانتہاپسندی اور سیاسی وسفارتی انداز سے آگے بڑھنا ہو گا۔ اسلام آباد میں عالمی امن کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے کہا کہ آج دینا میں کوئی محفوظ نہیں، کون قتل عام میں ملوث ہے اور کیوں، کوئی واضح جواب نہیں۔ ہمیں ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے امن کیلئے کام کرنا اور اسے محفوظ بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام تر تباہی اور آزمائشوں کے باوجود امن کا علمبردار ہے۔ پاکستانی افواج نے عالمی امن کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ سوویت یونین کیخلاف جنگ میں پاکستان تباہ ہوا لیکن دنیا نے پاکستان کا کردار تسلیم نہیں کیا۔ مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی صورت میں دو جوہری طاقتیں زیادہ عرصہ مخاصمت کیساتھ نہیں رہ سکتیں۔ چین کیخلاف مخصوص منفی سوچ نے بھارت کو مغرب کی محبت کا حقدار ٹھہرایا، بھارت کی دفاعی قوت اور جوہری طاقت میں حد درجہ اضافہ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، طاقت سے مسائل کا حل ڈھونڈنے والوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر امن کے تلاش اور مسائل کے حل کی بات کرنا ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کی بڑی طاقتیں مخاصمت کے بجائے مفاہمت کا راستہ اپنائیں۔ بھارت کیساتھ دفاعی وجوہری امور پر پاکستان کیساتھ امتیازی سلوک ختم کیا جائے، پاکستان اور بھارت کو ماضی کے خطرہ کی گھنٹی بجاتے تصفیہ طلب مسائل حل کرنا ہوں گے۔