Thursday, September 29, 2022

بھارت نے محبتوں کی راہداری کو نفرتوں میں بدلنے کی سازش کی ، شاہ محمود

بھارت نے محبتوں کی راہداری کو نفرتوں میں بدلنے کی سازش کی ، شاہ محمود
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بابری مسجد کیس کے فیصلے  پر کہا کہ بابر مسجد کیس  کے فیصلے کے ذریعے بھارت نے پاکستان کی جانب سے کھولی جانیوالی محبتوں کی راہداری کو نفرتوں میں بدلنے کی سازش کی  ہے ۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک بار پھر تاریخ کو ملیا میٹ کرنے کی کوشش کی ، سکھوں کی خوشی کے دن رنگ میں بھنگ ملائی گئی ،ایک بار پھر ہماری محبتوں کی کاوشوں کو نفرتوں میں تبدیل کرنے کی سازش کی  ، فیصلے کی تفصیلات آنے کے بعد دفتر خارجہ اس پر تفصیلی بیان جاری کرے گا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت میں صحافیوں اور آزاد سوچ رکھنے والوں پر پہرے لگائے جا رہے ہیں ،  جمعہ کے روز مقبوضہ کشمیر میں مساجد کو تالے لگا دیئے جاتے ہیں ، نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ، آج کا فیصلہ بھی نفرت کی سیاست کا عکاس ہے  ، یہ فیصلہ تین چار روز بعد بھی سنایا جا سکتا تھا ،  سکھوں کے اہم ترین دن  پر فیصلہ سنایا جانا معنی خیز ہے ۔