Tuesday, April 30, 2024

بھارت مقبوضہ کشمیر میں کورونا مریضوں کو مجاہدین ظاہر کرکے شہید کرنے لگا

بھارت مقبوضہ کشمیر میں کورونا مریضوں کو مجاہدین ظاہر کرکے شہید کرنے لگا
April 20, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) مودی سرکار کی ایک اور گھنائونی سازش بے نقاب ہوگئی۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کو بطور ڈھال استعمال کرنے لگا۔ کورونا مریضوں کو مجاہدین ظاہر کرکے شہید کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ مودی سرکار اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی۔ بھارت اپنے مذموم مقاصد کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کو بطور ڈھال استعمال کرنے لگا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک اور نئے لیکن انتہائی گھناؤنے کھیل کا آغاز کردیا۔ بھارت کی جانب سے کورونا مریضوں کے علاج کے بجائے انہیں مجاہدین ظاہر کر کے شہید کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز مجاہدین یا کورونا مریضوں کی موجودگی کے بہانے گھر گھر تلاشی آپریشن کرتی ہے اور کورونا ٹیسٹنگ کے نام پر کشمیریوں کو گھروں سے اٹھا رہی ہے۔ بھارتی فورسز نے شوپیاں، کشتواڑ اور سوپور میں 5 معصوم افراد کو مجاہدین قرار دیکر شہید کر دیا۔ مقامی افراد نے تصدیق کی کہ شہید ہونے والے بیشتر افراد کو گھروں سے زبردستی اٹھایا گیا تھا۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ بھارتی فورسز نے کورونا پھیلاؤ کے بہانے شہداء کی میتیں بھی لواحقین کے سپرد نہیں کیں، بھارتی فورسز بغیر جنازے کے میتیں نامعلوم مقامات پر دفن کر رہی ہے۔ بھارت گزشتہ کئی ہفتوں سے کشمیریوں کی نسل کشی کے خونی کھیل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔