Thursday, October 21, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے ، شاہ محمود قریشی

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے ، شاہ محمود قریشی
February 6, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے۔ بھارت وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں منعقدہ جموں وکشمیر پر ’او۔آئی۔سی‘ رابطہ گروپ کے سفراء اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا۔ انہوں نے کہا ’او آئی سی‘ کے جموں وکشمیر رابطہ گروپ کے سفیروں کے اجلاس سے خطاب پر بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے یک جہتی میں امت مسلمہ کی مشترکہ موثر آواز تشکیل دینے میں برادر ممالک آزربائیجان، نائیجر، سعودی عرب اور ترکی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سیکریٹری جنرل ’او۔آئی۔سی‘ کی قیادت اس میں یکساں طور پر ممدو معاون رہی ہے۔ نیامے میں منعقد حالیہ وزرا خارجہ کونسل میں ’او۔آئی۔سی‘ کی طرف سے ٹھوس اور دوٹوک حمایت کشمیریوں کے لئے ان کے منصفانہ، ناقابل تنسیخ اور جائز استصواب رائے کے حق کے حصول کی جدوجہد میں تقویت کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوئی ہے۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں صورتحال عالمی برادری سے چھپی ہوئی نہیں ہے۔ 5 اگست 2019 کے غیرقانونی بھارتی اقدامات کے بعد سے مقبوضہ خطہ ’تاریکی کے پردے‘ سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے غیرانسانی محاصرے اور کمیونیکیشن قدغنوں کو عائد ہوئے 550 سے زائد دن کا عرصہ بیت چکا ہے۔ مقبوضہ خطہ دنیا کی سب سے بڑی اوپن جیل بن چکا ہے۔ بھارتی قابض افواج سیاہ اور ظالمانہ قوانین کی بدولت کسی بھی سزا سے مبرا ہیں۔ بھارتی قابض افواج کشمیریوں پر ناقابل بیان مظالم ڈھا رہی ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے بھارتی قابض افواج انسانی حقوق کی سنگین ترین پامالیوں کا ارتکاب کررہی ہیں۔ نوجوانوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کا کچھ اتہ پتہ نہیں کہ قابض بھارتی افواج نے انہیں کہاں قید کر رکھا ہے۔ موسم سرما، مقبوضہ خطے میں انسانی مصائب کو مزید بڑھا دیتا ہے۔ کورونا عالمی وباء کشمیریوں کے لئے ایک نیا عذاب ثابت ہوئی ہے۔ کشمیریوں کی حالت زار پر آنکھیں بند کئے ’آر ایس ایس‘، ’بی جے پی‘ حکومت سازشوں میں مصروف عمل ہے۔ بھارت کا 9 لاکھ فوج تعینات کرنے سے مقبوضہ کشمیر دنیا میں سب سے زیادہ قابض افواج کی موجودگی والا خطہ بن چکا ہے۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں حتمی حل کا دوسرا حصہ آبادی کے تناسب کی تبدیلی پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا سکونت، حق ملکیت اور ڈومیسائل کے نئے قوانین لاگو کئے گئے ہیں۔ آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے یہ ہتھکنڈے عالمی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بھارتی ہتھکنڈے چوتھے جینیوا کنونشن اور جموں وکشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لیے فوری اطلاع کی اجازت دیں

آپ کسی بھی وقت دائیں طرف نیچے بیل آئیکن پر صرف ایک کلک کے ذریعے آسانی سے سبسکرائب کر سکتے ہیں۔