بھارت سے کرکٹ سیریز نہ ہونے کا نقصان پاکستان کو ہو گا: چیئرمین پی سی بی

لاہور (92نیوز) پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان نے کہا ہے کہ بھارت سے کرکٹ سیریز نہ ہونے کا نقصان پاکستان کو ہو گا۔ سیاسی کشیدگی کے بعد بھارت سے سیریز کا امکان کم ہے لیکن بھارتی بورڈ کی طرف سے رسمی انکار کا دو ماہ تک انتظار کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں شہریارخان نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ بھارت کے ساتھ سیریز کے بغیر بھی چل سکتی ہے۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں سیریز کا امکان کم ہے لیکن دو ماہ تک حتمی جواب کا انتظار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ نے ابھی باضابطہ طور پر سیریز کی منسوخی سے آگاہ نہیں کیا لیکن زیادہ انتظار نہیں کر سکتے، بھارت کی طرف سے انکار کے بعد پلان بی پر عمل کریں گے۔
شہریارخان نے کہا کہ ہمارا موقف بہت واضح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھا جائے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دسمبر میں یو اے ای میں مکمل سیریز شیڈول ہے لیکن سیاسی کشیدگی کے بعد بھارتی بورڈ سیریز سے بچنے کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے۔