Saturday, July 27, 2024

بھارت بطور ریاست پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں: دفتر خارجہ

بھارت بطور ریاست پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں: دفتر خارجہ
April 27, 2017
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ بھارت دہشتگردی میں بطور ریاست ملوث ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کہتے ہیں کلبھوشن یادیو کا اعتراف اور احسان اللہ احسان کے انکشافات نے بھارت کو بے نقاب کردیا۔ معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔ کلبھوشن تک قونصلر رسائی کا فیصلہ میرٹ پرہوگا۔ افغانستان کی سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال ہورہی ہے۔ تحفظات سے ہمیشہ عالمی برداری کو آگاہ کرتے رہے۔ یہ کہنا ہے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریاکا۔ جو میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دے رہے تھے۔ کہتے ہیں احسان اللہ احسان نے ”را“کی کرتوتوں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ نفیس زکریا نے یہ بھی واضح کردیا کہ کلبھوشن یادیو اور احسان اللہ احسان کا معاملہ مختلف ہے۔ بھارتی جاسوس گرفتار ہوا اور اس نے جرائم کا اعتراف کیا جبکہ احسان اللہ احسان نے فورسز کے سامنے سرنڈر کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی ہندو دہشتگرد تنظیم جانسن نے مقبوضہ کشمیر میں جنگ شروع کر دی۔ بھارت میں مذہبی تہواروں پر ہونے والی 15 تعطیلات منسوخ ہونا اقلیتوں سے ناروا سلوک کا عکاس ہے۔ نفیس زکریا نے بتایا کہ اعلیٰ سطح کا وفد رواں ماہ کے آخر میں افغانستان جائیگا۔ نفیس ذکریا نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کی تخریبی اور دہشتگردی کی سرگرمیوں کا نوٹس لینا چاہئیے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور سماجی ذرائع ابلاگ پر پابندی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ بھارت کو مقبوضہ وادی کے بے گناہ عوام پر ظلم وستم سے روکے۔